اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سابق کیوی کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پر تنقید کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
کرک بز کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق کیوی کرکٹر سائمن ڈول نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے ایڈیشن کے آغاز میں ویرات کوہلی کو ان کے اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن بعد میں بھارتی بلے باز نے جارحانہ انداز میں کھیلا اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر ان کا اسٹرائیک ریٹ 154.70 تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں ویرات کوہلی کے بارے میں ہزار اچھی باتیں کہہ سکتا ہوں لیکن جب میں ایک منفی بات کہتا ہوں تو لوگ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں جو کہ ایک منفی پہلو ہے.
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے رواں ایڈیشن میں کیوی کمنٹیٹر نے بابر اعظم کے اسٹرائیک ریٹ کی تعریف کی تھی جب کہ گزشتہ ایڈیشن میں انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر بابر کے مداحوں نے سابق کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا تھا.