پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: روٹی کی قیمت میں 4روپے کمی کا اعلان
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے پنجاب حکومت نے آج سے روٹی کی قیمت چار روپے کمی کا اعلان کر کے قیمت 16 روپے مقرر کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ” ایکس” پر جاری پیغام میں کہا کہ الحمدللّہ، حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت کم کرکے 16 روپے مقررکردی ہے۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ میں نے پنجاب کے تمام اضلاع اورمتعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ اس فیصلے پرسختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہورکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 100گرام روٹی کی قیمت 16روپے، 120گرام نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ضلع بھر میں روٹی نان کی قیمت کا اطلاق فی الفور ہو گا جبکہ صوبے کے بقیہ اضلاع میں بھی اس حوالے سے اقدامات شورع کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس اعلان سے ایک روز قبل مریم نواز نے صوبے میں آٹے کی قیمت میں بھی کمی کا اعلان کردیا تھا۔
صوبہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 500 روپے کمی کے بعد 2800 روپے سے کم ہو کر 2300 روپے ہو گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے اس کمی کی وجہ گندم کی قیمت میں کمی کو قرار دیا ہے۔
اب جبکہ پنجاب میں گندم کی کٹائی شورع ہو گئی ہے تو مارکیٹ میں نئی گندم کی آمد اور طلب اور رسد کے اصول کے مطابق آٹے کے ساتھ ساتھ بیسن، سوجی اور چوکر کی قیمت میں بھی کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب کے تندور مالکان نے روٹی اور نان کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت سبسڈی دے تو روٹی کی قیمت کم کرنے کو تیار ہیں، اس وقت فائن آٹا، میدہ کی بوری کی قیمت 12 ہزار 200 روپے ہے، عام آٹا فی بوری کی قیمت 11 ہزار 600 روپے ہے، گیس اور بجلی پر حکومت کوئی سبسڈی نہیں دے رہی، نان بائی ایل پی جی گیس استعمال کرتے ہیں اس صورتحال میں روٹی کی قیمت کیسے کم کریں۔