پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا آغاز ایک شاندار افتتاحی تقریب سے ہوگا۔
تقریب ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پہلے میچ سے قبل ہوگی۔
علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری شاندار افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گے اس دوران آتش بازی اور لیزر شو بھی ایونٹ کا حصہ ہوگا۔
گیٹس شائقین کے لیے 3:30 بجے کھلیں گےتقریب 6:30 بجے شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا انعقاد چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا، ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔
لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان انتہائی متوقع ٹاکرا 24 فروری اور 9 مارچ کو شیڈول ہے۔ قذافی اسٹیڈیم 24 فروری کو ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا جب کہ 9 مارچ کو قلندرز اور کنگز کے میچ کا مقام نیشنل بینک اسٹیڈیم ہوگا۔
کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ جیسی ٹیمیں اپنے اپنے ہوم گراؤنڈز پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گی۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی، ایک میچ 25 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلا جائے گا۔