پاکستان -ایران وزرا خارجہ ملاقات ، مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی نقطہ نظر کی بنیاد پر کام کرنے پر اتفاق
پاکستان اور ایران نے امن اور خوشحالی کے مقاصد کے حصول کے لئے باہمی احترام اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی نقطہ نظر کی بنیاد پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے درمیان پیر کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات میں طے پایا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے کے لئے مضبوط مکالمے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے امن اور خوشحالی کے مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے باہمی احترام کی بنیاد پر اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی نقطہ نظر کی بنیاد پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔