اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) منگل کی صبح نیپال اور تبت کی سرحد کے قریب ایک طاقتور زلزلے میں مقامی میڈیا کے مطابق کم از کم 36 افراد ہلاک اور کئی عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلہ منگل کی صبح تقریباً 6:35 بجے نیپال-تبت سرحد کے قریب رونما ہونیوالے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے، شدید نوعیت کے اس زلزلے کے جھٹکے نیپال اور بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔
میڈیا رپورٹسں کے مطابق تبت کے شہر شیگتسے اور اس کے آس پاس کم از کم 36 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز نیپال کے شہر لوبوچے سے 93 کلومیٹر شمال مشرق میں چینی تبت کے علاقے میں تھا۔
لوبوچے نیپال میں کھمبو گلیشیر کے قریب واقع ہے اور کھٹمنڈو سے 150 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے اور ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب ہے۔
بہار، مغربی بنگال، آسام اور شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا، چین کے زلزلے کی نگرانی کرنے والی ایجنسی – چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورکس سینٹر نے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی، جس کا مرکز تقریباً 4,200 میٹر کی بلندی پر تھا۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈنگری کاؤنٹی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے اور زلزلے کے مرکز کے قریب بہت سی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔