اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں پولیو کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو کراچی، کشمور اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مزید 3 پولیو کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد ملک میں رواں سال سامنے آنے والے مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 59 ہوگئی۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو کے ایک عہدیدار کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان، کراچی اور کشمور میں پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیوپی وی 1) کے 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ ’بچوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جینیاتی ترتیب سے پتا چلتا ہے کہ وہ جینیاتی طور پر ایک ہی ڈبلیو پی وی 1 وائرس کے جینیاتی کلسٹر سے جڑے ہوئے ہیں‘۔
جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو سے متاثرہ 7 اضلاع میں سے ایک ڈی آئی خان میں اب تک پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے 59 کیسز میں سے 26 کا تعلق بلوچستان، 16 کا خیبر پختونخوا، 15 کا سندھ اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے ہے۔