پاکستان میں نئے کورونا ویریئنٹ کے 2 مشتبہ کیسز کا انکشاف
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں نئے کورونا ویریئنٹ کے 2 مشتبہ کیسز کا انکشاف ہوگیا، کیس کراچی میں سامنے آئے، محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطباق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے 2 فضائی مسافروں کے چیک اپ سے ان کے نئے کورونا ویریئنٹ میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا، تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ دونوںمسافر کورونا کی کس قسم کا شکار ہوئے، تاہم حکام کو خدشہ ہے کہ یہ دونوں کیس نئے کورونا ویریئنٹ جے این ون کے ہوسکتے ہیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جن دو مسافروں میں نئے کورونا ویریئنٹ کا پتا چلا ان کی عمریں 50 اور 60 سال کے درمیان ہیں جو بنکاک اور جدہ سے جمعرات اور جمعہ کو کراچی پہنچے، دونوں فضائی مسافروں میں فلو کی علامات پائی گئیں اور ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد دونوں مسافروں کے نمونے حتمی تجزیے کے لیے مقامی یونیورسٹی کی لیب کو بھجوادیئے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک پرواز کے صرف 2 فیصد مسافروں کی ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے ذریعے سکریننگ کی گئی، قرنطینہ کی سہولتوں کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، جس کی وجہ سے دونوں شہریوں کو قرنطینہ کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے آبائی شہروں ڈیرہ غازی خان اور سانگھڑ روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ کئی ممالک میں کویڈ کیسز میں اضافے کے بعد ملکی ائرپورٹس پر اسکریننگ ہدایات کا نفاذ ہوچکا ہے، تمام بین الاقوامی فلائٹس کے دو فیصد مسافروں کی سکریننگ کے احکامات فوری نافذ العمل ہوئے، جس کے ساتھ ہی این سی او سی کی ہدایات کے بعد مسافروں کی کوویڈسکریننگ بتدریج شروع ہوچکی ہے، ہر فلائٹ کے دو فیصد مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ ہورہا ہے، دن میں کم سے کم ایک مرتبہ مسافر لاؤنجز میں فیومیگیشن کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، ائرپورٹس پر عملہ کو بارڈر ہیلتھ سروسز اہلکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات کردی گئی ۔