پاکستانی انتخابات میں تمام پارٹیوں کو حصہ لینے کا موقع نہیں دیا گیا، برطانیہ
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) : برطانیہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں تمام پارٹیوں کو حصہ لینے کا موقع نہیں دیا گیا، تاہم انتخابات میں ووٹ ڈالنے والوں کی تعریف کرتے ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک برطانیہ دیرینہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں،
ہمارے لوگوں کے درمیان مضبوط روابط ہیں، انتخابات کی شفافیت اور شمولیت کے فقدان پر خدشات کو بھی تسلیم کرتے ہیں، اہم اصلاحات کیلئے مینڈیٹ کے ساتھ عوامی حکومت کا انتخاب ضروری ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ پاکستان کی اگلی حکومت کیساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں،
پاکستانی حکام معلومات تک رسائی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھیں،
پاکستان کے تمام شہریوں اور برادریوں کیلئے مساوی مفادات اور انصاف کے ساتھ نمائندگی ہونی چاہئے۔