ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی محمد شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے محمد شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان میں ایرانی سفارتخانہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔
بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط کی روشنی میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی مطلوبہ اور مناسب سطح کے حصول کے لیے تعاون کو مضبوط اور وسعت دینے کے لیے سخت محنت کریں گے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مستقل پالیسی کے فریم ورک کے تحت برادر اور ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ابراہیم رئیسی نے پاکستان کی نئی حکومت کی کامیابی اور ملک کی خوشحالی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں آج وزیراعظم کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف بھاری اکثریت کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہو گئے۔
اتوار کو قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن کی بنیاد پر وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں اراکین اسمبلی کو دو ڈویژن میں تقسیم کیا گیا۔
انتخابی عمل میں مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف نے 201 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے اراکین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
یاد رہے کہ شہباز شریف لگاتار دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو گئے جبکہ وہ مجموعی طور پر ملک کے 24ویں وزیراعظم ہیں۔
اس سے قبل دو سال پہلے سابق وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بھی شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔