اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور میں اسموگ کی بدتر صورتحال کے باعث وزارت خارجہ کے ذریعے ہمسایہ ملک بھارت سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کا کہناہے کہ بھارتی ہواؤں کی وجہ سے لاہور میں فضائی آ لودگی میں اضافہ ہوا،سموگ سے بچنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں کو بدلنا ہو گا، پنجاب حکومت پہلے دن سے ہی سموگ کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہے ۔
یہ معاملہ بھارت سے بات کئے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے ،آج پنجاب حکومت وزارت خارجہ کو خط لکھے گی کہ سموگ پر بھارت سے بات چیت کیلئے راہ ہموار کرے ۔
مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، امرتسر اور چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں سموگ بہت تیز تھی، بھارت سے سموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا اورصورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ،سموگ کے خاتمے کے لئے بارڈر کے دونوں اطراف اقدامات کی ضرورت ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آرہا ہے جب کہ بھارت سے آنے والی ہوا سے شہر کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی اور ایئرکوالٹی انڈیکس مسلسل ایک ہزار کا ہندسہ عبو کررہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اس معاملے پر نئی دہلی کے ساتھ بات کرے گا جس کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے آج دفتر خارجہ کو باضابطہ طور پر خط لکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی کی ایک تقریب میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ سے رابطہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔