اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ورلڈ کپ کوالیفائرز میچ میں برازیل نے یوروگوئے کے ساتھ 1-1 سے میچ ڈرا کر دیا۔ یوروگوئے کے فیڈریکو والورڈے نے کھیل کے 55ویں منٹ میں لمبے فاصلے سے عمدہ شاٹ لگا کر میچ کا پہلا گول کیا ، اس کے سات منٹ بعد برازیل کے مڈفیلڈر گیرسن نے شاندار والی کے ساتھ جواب دیا اور یوروگوئے کی ناقص کلیئرنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برازیل کے لیے اسکور برابر کر دیا۔ یہ گیرسن کا برازیل کے لیے پہلا بین الاقوامی گول تھا۔
برازیل اس وقت CONMEBOL پوائنٹس ٹیبل میں 18 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، جبکہ یوروگوئے 20 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ برازیل کے پاس کولمبیا اور ایکواڈور سے ایک پوائنٹ کم ہے۔ کوالیفائنگ فارمیٹ کے مطابق، جنوبی امریکی کوالیفائرز میں سرفہرست چھ ٹیمیں 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے خودبخود کوالیفائی کر لیں گی۔
میچ کے دوران برازیل نے جیت کے لیے بھرپور کوشش کی، لیکن لوئس انریکے اور رافینہا کی کوششیں آخری لمحات میں کامیاب نہ ہو سکیں، اور میچ ڈرا پر ختم ہو گیا۔
برازیل کے مینیجر ڈوریول جونیئر، جو جنوری میں ٹیم کے کوچ بنے تھے، نے کہا کہ بے شک نتائج میں وہ تبدیلی نظر نہیں آرہی لیکن ٹیم میں سال بھر میں کافی بہتری آئی ہے ، ہمیں یقین ہے کہ جب ہمیں واقعی ضرورت ہوگی، تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔” ڈوریول نے اپنی ٹیم سے صبر کرنے اور شائقین کے اعتماد کو بڑھانے پر زور دیا، اور یہ امید ظاہر کی کہ برازیل جلد ہی اپنی بہترین ٹیم بنانے میں کامیاب ہو گا۔