اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) میٹا کی فوری پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی ایپلیکیشن واٹس ایپ کاروباری اداروں کے لیے ایک دلچسپ اے آئی فیچر متعارف کروانے جا رہی ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نئے فیچر کو اپنانے کے بعد کاروباری اداروں کو اپنے صارفین کے پیغامات کے جوابات دینے کے لیے کسی انسان کی ضرورت نہیں ہو گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے آے آئی فیچر کو تیار کرنے کا مقصد صارفین کے عام سوالات کے جلد اور درست جوابات دینا، خریداری کے عمل میں صارفین کی رہنمائی اور موزوں مشین لرننگ ماڈلز کا استعمال کرتے ہوئے مزید پیچیدہ سوالات کو حل کر کے کسٹمر سروس کو بہتر بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر ان مسائل کو بھی حل کر دے گا جن کا سامنا پہلے واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم پر کاروباری اداروں کو ہوتا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے رسائی حاصل نہیں کر سکتے تھے لیکن اب کوئیک رسپانس (QR) کوڈ کو اسکین کرنے کے بعد کاروباری ادارے بغیر کسی رکاوٹ کے واٹس ایپ کی بزنس ایپ اور بزنس پلیٹ فارم دونوں کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اسے استعمال کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین بزنس ایپ کے ساتھ 6 ماہ تک کی چیٹ بھی شیئر کر سکیں گے جس سے کمپنیوں کو نئی سروس میں منتقلی کے دوران مدد ملے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے گروپ چیٹ شیئر نہیں کی جا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس نئےفیچر کو سپورٹ کرنے کے لیے اب تمام ون آن ون چیٹس میٹا کی ایک محفوظ سروس کے ذریعے ہوں گی اور صارفین کو اے آئی کے ذریعے بھیجےجانے والے جوابات کے بارے میں براہِ راست ان کی چیٹ میں مطلع کیا جائے گا۔
فی الحال یہ نیا اے آئی فیچر صرف بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے مگر آنے والے ہفتوں میں اسے صارفین کے لیے متعارف کروا دیا جائے گا۔