
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کی تازہ رپورٹ کے مطابق دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کی تازہ رپورٹ کے مطابق دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ 4 ستمبرکو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد، خانکی اور چنیوٹ کے مقامات پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ تیس ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے۔
اسی طرح دریائے راوی میں شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر بھی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ سدھنائی اور گنڈا سنگھ والا کے مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب جبکہ ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا سیلاب رپورٹ کیا گیا ۔
ماہرین کے مطابق دریائے چناب میں پانی کے مسلسل اضافے کے باعث جنوبی پنجاب اور وسطی علاقوں کے لیے صورت حال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے ۔ خاص طور پر قادرآباد اور خانکی ہیڈ ورکس پر صورتحال انتہائی خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اورمتاثرہ علاقوں کے مکینوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے باعث کسانوں، مقامی آبادی اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔