غزہ میں جنگ بندی کے اثار دکھائی نہیں دے رہے، سعودی وزیر خارجہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک):سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے کوئی اثار دکھائی نہیں دے رہے۔العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے میڈریڈ میں ہونے والی خارجہ امور سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے فیصلے کی روشنی میں سعودی عرب غزہ میں بین الاقوامی فوج کی تعیناتی کی حمایت کرتا ہے، اس بین الاقوامی فوج کا مقصد فلسطینی اتھارٹی کی مدد ہو گا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں ہمیں روزانہ ایسے مظاہر دیکھنے کو ملتے ہیں جو مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپین سمیت دوسرے یورپی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلانات دو ریاستی حل کے تناظر میں امید کی ایک کرن ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہمیں لبنان میں جنگ کا دائرہ پھیلنے کا اندیشہ ہے کیونکہ لبنان میں کوئی مستحکم سیاسی منظر نامہ بھی دکھائی نہیں دیتا۔تاہم انہوں نے اپنے خطاب میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ رکنے پر لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی کشیدگی روکنے میں مدد ملے گی۔