صوبائی کابینہ نے پنجاب، اسلام آباد میں بجلی کے بلوں میں ریلیف کی منظوری دے دی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا ہے، صوبائی کابینہ نے پنجاب اور اسلام آباد کےلیے بجلی کے بلوں میں ریلیف کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے پر صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 46 ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا ویژن محمد نوازشریف کا ہے، کریڈٹ ان کو ہی ملنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 16 اگست کو سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کچھ عرصہ پہلے ایک سے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو بہت اچھا ریلیف دیا جو اربوں روپے کا ریلیف ہے، اسی طرح مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ چونکہ گرمیوں کے مہینے میں بل زیادہ آتا ہے اس لیے عوام کو اگست اور ستمبر کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور اس ریلیف پیکج کے تحت ایک سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کم کر کے بل دیا جائے گا۔
انہوں نے مریم نواز کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ آئندہ لوگوں کو مزید ریلیف دینے کے لیے سولر پینلز کی اسکیم لے کر آرہی ہیں اور لوگوں کو سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بجلی کا بل مزید کم ہوجائے اور اس کے لیے 700 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے 45 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اس پروگرام سے لوگوں کو ریلیف ملے گا اور ان کے اخراجات میں کمی آئے گی، میں شہباز شریف کو شاباش دیتے ہوئے کہوں گا کہ وہ سولر پینلز کو آگے بڑھانے کے لیے پنجاب حکومت سے تعاون کریں اور باقی صوبوں سے بھی میں یہی گزارش کروں گا کہ وہ بھی عوام کو ریلیف دیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے عوام مہنگائی کے کرب سے گزر رہے ہیں، میرا اشارہ خاص طور پر مہنگے بجلی کے بلوں کی طرف ہے اور آپ جانتے ہیں کہ 21 اکتوبر کو جب مینار پاکستان پر میں نے گفتگو کی تو میں نے تب بھی بجلی کے مسئلے پر بات کی اور بلوں کو بھی پیش کیا تھا کہ میرے زمانے میں بجلی کا بل کتنا تھا اور آج کتنا ہوگیا ہے