بے گناہ لوگوں کا قتل پوری انسانیت کا قتل:صدر،وزیر اعظم کی موسیٰ خیل میں مسافر بس پردہشت گرد حملے کی شدید مذمت
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافر بس کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں.
صدر اور وزیر اعظم دونوں نے سوگوار خاندانوں کے لیے یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت کے لیے دعا کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا قتل پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ دہشت گرد ملک، قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں . انہوں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے حکام کو متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعاون کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس حملے کے مجرموں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔ ملک میں دہشت گردی کی کوئی صورت قابل قبول نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ اس لعنت کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔