آئین میں ترمیم کی جائے، ایم کیو ایم پاکستان کا مطالبہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 50 سال میں آئین نے عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، اس آئین میں کچھ بنیادی ترامیم کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پچاس سالوں میں عوام کو اس کے آئینی حقوق نہیں دیے گئے، پچاس سال بعد اب ضرورت ہے کہ آئین پاکستان میں ترمیم کردی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو جمہوریت کے ثمرات پہنچانے کا نسخہ لے کر آئے ہیں، غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے، 50 سال میں آئین نے عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، اس آئین میں کچھ بنیادی ترامیم کی ضرورت ہے
ان کا کہنا تھا کہ عام پاکستانی مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا، آئین نہ ہماری حفاظت کرسکا اور نہ اپنی حفاظت کرسکا، آئین میں کچھ بنیادی تبدیلیاں کرنے کی شدید ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات انتہائی کشیدہ اور بدا عتمادی کی صورتحال میں ہو رہے ہیں، ہمارے پاس آئینی نسخہ تیار ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شفاف انتخابات چاہتے ہیں جس سے سیاسی استحکام آسکے، آج پاکستان کثیر الجہتی بحران کا شکار ہے۔