ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 8:آسٹریلیا نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو ہرا دیا

0
114
T20 World Cup Super 8: Australia beat Bangladesh under DLS method
T20 World Cup Super 8: Australia beat Bangladesh under DLS method

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 8:آسٹریلیا نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو ہرا دیا

اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مقابلے میں بنگلہ دیش کو 28 رنز (ڈی ایل ایس) سے شکست دے دی۔

بارش سے متاثرہ میچ اس وقت روک دیا گیا جب بنگلہ دیش کی طرف سے دیے گئے 141 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 11.2 اوورز میں 100-2 رنز بنائے تھے تاہم، وہ ڈی ایل ایس پر اسکور سے 28 رنز سے آگے تھے جب بارش نے میچ روک دیا۔

ڈیوڈ وارنر نے فاتح ٹیم کی جانب سے 35 گیندوں پر ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ٹریوڈ ہیڈ نے بھی 21 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ گلین میکسویل نے 6 گیندوں پر 14 ناقابل شکست رنز جوڑے۔

رشاد حسین نے ہیڈ اور کپتان مچل مارش کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے اسٹار پیسر پیٹ کمنز کی ہیٹ ٹرک کے بعد بنگلہ دیش کو 20 اوورز میں 140-8 کے مجموعی اسکور تک محدود کر دیا .

کمنز نے 18ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر محمود اللہ اور مہدی حسن کو آؤٹ کیا انہوں نے 20ویں اوور کی پہلی گیند پر توحید ہردوئے کو آوٹ کیا اور ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ساتویں اور بنگلہ دیش کے خلاف بریٹ لی کے بعد آسٹریلیا کی دوسری ہیٹ ٹرک تھی۔

کپتان نجم الحسن شانتو نے 36 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ ہردوئے نے 28 گیندوں میں 40 رنز بنائے۔

ایڈم زمپا نے بھی چار اوورز میں 2-24 کے متاثر کن اعداد و شمارحاصل کیے.

ٹورنامنٹ میں دونوں فریقوں کا یہ پہلا سپر 8 میچ تھا۔