اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 58 ہزار کی بُلند ترین سطح پر

0
44

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 58 ہزار کی بُلند ترین سطح پر

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی دیکھی گئی، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 637 پوائنٹس اضافے کے بعد 58 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 12 بج کر 18 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 637 پوائنٹس یا 1.11 فیصد بڑھ کر 58 ہزار 9 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 57 ہزار 371 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

الفا بیٹا کور کے چیف ایگزیکٹیو خرم شہزاد نے بتایا کہ تیزی کی اہم وجوہات میں شرح سود میں ممکنہ کمی اور مہنگائی کی رفتار میں تنزلی کی توقعات ہیں، اس کے علاوہ انتخابات کے حوالے سے وضاحت اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ نیا دن اور انڈیکس 58 ہزار کی نئی بُلند سطح پر پہنچ گیا لیکن قیمتیں اب بھی کم ہیں، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 20 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب 30 ارب ڈالر کے قریب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیز رفتار بحالی ہو رہی ہے لیکن یہ غیر متوقع نہیں ہے۔محمد سہیل کے مطابق 6 خراب سالوں کے بعد 6 مہینوں میں ڈالر میں ریٹرن 50 فیصد ہو گیا۔