شکیب الحسن نے امریکہ سیریز میں شکست کو بنگلہ دیش کے لیے ‘ویک اپ کال’ قرار دے دیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے جمعرات کو ریاستہائے متحدہ امریکہ (یو ایس اے) کے خلاف اپنی ٹیم کی حیران کن سیریز میں شکست کی وجوہات کے بارے میں بات کی۔
یو ایس اے نے پریری ویو کرکٹ کمپلیکس میں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔
شکیب الحسن نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور مقام پر محدود سہولیات کی وجہ سے ٹیم کافی پریکٹس نہیں کر سکی۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر ہم اسے ورلڈ کپ کی تیاری کی سیریز کے طور پر لیتے ہیں تو اس صورت میں ہمارے پاس بیٹنگ اور باؤلنگ کے سیشنز ہونے چاہئیں اور مزید سہولیات ہونی چاہئیں جو ہمیں بالکل بھی نہیں ملیں۔
ایک دن بارش ہوئی اور ہم اس دن کچھ نہیں کر سکے جبکہ چار گراؤنڈز ہیں لیکن ہم صرف تین پچوں پر ٹریننگ کر سکے جو میرے خیال میں مثالی نہیں ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ چیزیں بہتر ہو سکتی تھیں۔
تاہم، شکیب نے یو ایس اے ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً یہ مایوس کن ہے اور ہمیں اس کی توقع نہیں تھی لیکن امریکی ٹیم نےجس طرح سے کھیلا ہے اس کا کریڈٹ ضرور دینا چاہیے۔
آل راؤنڈر نے اعتراف کیا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھائی اور امریکہ کے خلاف سیریز میں شکست کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل ویک اپ کال قرار دیا۔