شاہ محمود قریشی آپے سے باہر،اسٹیٹ ڈیفنس کونسل سے فائل چھین کر دیوار پر مار دی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سائفر کیس میں بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے لیے عدالت نے اسٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کردیا، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران وکلاء صفائی کی غیر حاضری پرابوالحسنات ذوالقرنین نے اظہارِ برہمی کیا۔عدالت نے وکلاء صفائی کو تیسری بارحاضری یقینی بنانے کی مہلت دی۔
شاہ محمود قُریشی نے اسٹیٹ ڈیفنس کونسل سے فائل چھین کر دیوارپرماردی،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بدتمیزی پر وارننگ بھی دی۔ عمران خان کی بھی جج ابوالحسنات ذوالقرنین سے تلخ کلامی ہوئی جس سے سائفر کیس کی سماعت کے دوران ایک بار پھر بدمزگی کی صورتحال پیداہو گئی، ملک عبدالرحمن ایڈووکیٹ کو بانی پی ٹی آئی کے لیے سٹیٹ ڈیفینس کونسل مقرر کیا گیا ہے، حضرت یونس ایڈووکیٹ کو شاہ محمود قریشی کیلئے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کیا گیا ہے، اب یہ دونوںسٹیٹ کونسل ملزمان کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے گواہان پر جرح کریں گے، ریاست کی جانب سے مقرر کردہ ڈیفنس کونسل آج 27 جنوری گواہان پر جرح کریں گے۔
اس حوالے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے گذشتہ روز سماعت کا حکمنامہ جاری کیا، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے حکمنامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کی جانب سے کوئی بھی سینئر وکیل عدالت پیش نہیں ہوا، کیس کی سماعت ساڑھے بارہ بجے دوبارہ شروع کی گئی تب بھی کوئی سینئر وکیل پیش نہ ہوا۔خصوصی عدالت کا حکمنامہ میں کہنا ہے کہ حقائق اور حالات کے پیش نظر اور ملزمان کے وکلاء کو کئی مواقع فراہم کیے گئے، اس عدالت کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا کہ وہ ملزمان کے لیے سٹیٹ ڈیفینس کونسل مقرر کرے۔