
Serena Hotels Masters Cup Tennis Tournament to Begin Today at Peshawar Services Club
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سرینا ہوٹلز ماسٹرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ آج (جمعرات) سے پشاور کے سروسز کلب میں شروع ہوگا، جس میں پاکستان کے ٹاپ 8 مرد اور خواتین ٹینس کھلاڑی حصہ لیں گے۔اس ٹورنامنٹ کے باضابطہ آغاز کا اعلان گزشتہ روز سرینا ہوٹل پشاور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پشاور جیسے شہر میں اتنا اہم ٹینس ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ایسے اعلیٰ معیار کے ٹینس ٹورنامنٹس کروائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرینا ہوٹلز ماسٹرز کپ، سرینا سیریز کا حصہ ہے اور اس سیریز کو آئندہ پاکستان کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ اعصام الحق قریشی نے سرینا ہوٹلز اور ان کے سی ای او مسٹر بولانی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان میں ٹینس کو فروغ دینے میں بہت تعاون کیا ہے۔