
Saud Shakeel's rise in ICC Test rankings, Babar and Shaheen's decline-ICC
اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں نمایاں ترقی کی ہے، جبکہ کئی پاکستانی کرکٹر کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شکیل کی شاندار 84 رنز کی اننگز کی بدولت وہ 764 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔
تاہم، بابر اعظم کے لیے یہ خبر اتنی مثبت نہیں تھی، جو اسی ٹیسٹ میں نصف سنچری بنانے کے باوجود 669 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دو درجے گر کر 17ویں نمبر پر آ گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا بھی تنزلی کا شکار ہو کر بالترتیب 21ویں اور 23ویں نمبر پر چلے گئے۔
آؤٹ آف فارم اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق تنزلی کے ساتھ 51 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ کپتان شان مسعود 57 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ ٹیسٹ بلے باز کے طور پر پہلے نمبر پر ہیں، ان کے ساتھ ہیری بروک دوسرے نمبر پر ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی 751 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے جب کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی 661 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں نمبر پر چلے گئے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف 6 وکٹ لے کر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے محمد عباس 23ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ہندوستان کے جسپریت بمراہ ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں جوش ہیزل ووڈ نے کگیسو ربادا کی جگہ نئے دوسرے بہترین ٹیسٹ باؤلر کے طور پر جگہ بنائی، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان نے معمولی اضافہ کیا، تین درجے چڑھ کر 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے، جب کہ صائم ایوب 57 درجے کی چھلانگ لگا کر 603 پوائنٹس کے ساتھ 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے معمولی کمی دیکھی، ہر ایک ایک مقام گر کر بالترتیب 17ویں اور 19ویں نمبر پر آگیا۔
نائب کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں چھلانگ لگاتے ہوئے 28 درجے بہتری کے ساتھ 80 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ عبداللہ شفیق 98 ویں نمبر پر آگئے۔
بابر اعظم ون ڈے رینکنگ میں برتری برقرار رکھتے ہوئے ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں، بھارت کے روہت شرما اور شبمن گل دوسرے، تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں حارث رؤف 15ویں سے 16ویں نمبر پر آ گئے جبکہ محمد وسیم جونیئر 61ویں نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب ساتویں، نویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ صائم ایوب 57 ویں نمبر پر ہیں۔
ایکشن سے باہر ہونے کے باوجود فخر زمان 68 ویں نمبر پر رہے جبکہ افتخار احمد ایک درجہ ترقی کر کے 77 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں، اس کے بعد انگلینڈ کے فل سالٹ اور ہندوستان کے تلک ورما ہیں۔