
ملتان کے سانول جھکڑ پہلوان نے رستم پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اتوار کے دن 4 فروری کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر انتظام پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں رستم پنجاب کا اکھاڑہ سجا. رستم پنجاب کے ٹائٹل کے لئے ملتان کے سانول جھکڑ پہلوان اور ساہیوال کے اویس ٹائیرانوالہ کے درمیان مقابلہ ہوا. رستم پنجاب ٹائیٹل کے مقابلے میں دونوں پہلوانوں کے درمیان کشتی چونتیس (34) منٹ تک جاری رہی.
تاہم ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد سانول جھکڑ پہلوان نے اویس ٹائیرانوالہ کو چت کرکے رستم پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا. ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے رستم پنجاب دنگل کے ونر سانول جھکڑ کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ رنر اپ اویس ٹائیرانوالہ کو ڈھائی لاکھ روپے کے انعامات دئیے.
دوسری طرف شیر پنجاب کے ٹائٹل کیلئے بھی مقابلہ ہوا جس میں میں پہلوان شہزاد پجار نے حریف پہلوان عدنان ٹائیرانوالہ کو ہرا کر شیر پنجاب کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا.
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے پہلوانوں میں 26 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے.