انڈونیشیا میں بارشیں ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ: 50 افراد ہلاک، متعدد لاپتا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماترا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک جاپہنچی اور مختلف حادثات میں 36 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جب کہ 27 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی (بی این پی بی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا میں سیلابی صورتحال کے بعد آتش فشاں پھٹ گیا جس سے مختلف اضلاع میں تباہی مچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا کے صوبے سماترا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث متعدد گھروں اور مساجد میں سیلابی پانی داخل ہونے سے شدید نقصان پہنچا اور گزشتہ روز مزید 6 افراد ہلاک ہوگئے جس سے ان حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک جاپہنچی۔
رپورٹ کے مطابق لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 36 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 3 ہزار 396 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 27 افراد اب تک لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم لاپتہ افراد کے سرچ آپریشن کے لیے جلد از جلد بھاری مشینری کی ضرورت ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے سماترا میں بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی جبکہ ایک آتش فشاں بھی پھٹ گیا جس سے نکلنے والا سیلابی ریلے میں مل کر ٹھنڈا ہوگیا۔
لاوے اور کیچڑ ملے سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔
بہہ جانے والے افراد کی لاشیں دور دراز علاقے سے مل گئیں۔ 16سے زائد شہری لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔