تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں دائر بلے سے متعلق درخواست واپس لے لی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں دائر بلے کے نشان سے متعلق درخواست واپس لے لی، جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ عدالت کے روبرو پیش ہونے والے بیرسٹر گوہر نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی، اس مقصد کے لیے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر روسٹرم پر آئے اور انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں‘، جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بیرسٹر گوہر سے استفسار کیا کہ ’آپ کون ہیں؟‘ جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ ’میں درخواست گزار کا وکیل ہوں‘، بعد ازاں عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے ایک آرڈر چینلج کیا تھا، اگر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو سپریم کورٹ کیس کی پھر ضرورت نہیں، پشاور ہائیکورٹ نے پانچ گھنٹے سماعت کی، باقی فریقین کو سن کر امید ہے آج فیصلہ بھی آجائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بلے کا نشان واپس لینے کے لیے سپریم کورت سے رجوع کیا تھا، اس مقصد کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، درخواست میں سپریم کورٹ سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی، تحریک انصاف نے اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی تھی۔