اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں، مانچسٹر یونائیٹڈ نے اینفیلڈ میں لیورپول کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیل کر اہم پوائنٹ حاصل کیا یہ نئے مینیجر روبن اموریم کی قیادت میں یونائیٹڈ کا ایک متاثر کن کھیل تھا، جس میں ٹیم نے اپنی پچھلی شکستوں کے سلسلے کو توڑنے کی بھرپور کوشش کی۔
مانچسٹر یونائیٹڈ نے میچ کا آغاز مضبوطی سے کیا اور دوسرے ہاف میں لیسانڈرو مارٹینز کے گول کی بدولت ابتدائی برتری حاصل کی۔ مارٹینز نے 52ویں منٹ میں ایلیسن کے دفاع کو ناکام بناتے ہوئے یونائیٹڈ کو 1-0 کی برتری دلائی۔
لیورپول نے سات منٹ بعد جوابی وار کیا، جب کوڈی گاکپو نے ایک شاندار اینگلڈ شاٹ کے ذریعے ٹیم کے لیے گول کیا۔ اس کے بعد محمد صلاح نے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کی مداخلت کے بعد ایک پنالٹی کے ذریعے گول کیا اور پریمیئر لیگ میں اپنے 175 گول مکمل کر کے تھیری ہینری کے ریکارڈ کو برابر کیا۔
یونائیٹڈ نے آخری لمحات میں ہمت نہیں ہاری اور عماد ڈیالو نے الیجینڈرو گارناچو کے شاندار کٹ بیک پر گول کرتے ہوئے میچ برابر کر دیا۔ یونائیٹڈ کے کپتان ہیری میگوائر کے پاس میچ کے آخری لمحات میں گیم جیتنے کا موقع تھا، لیکن ان کا شاٹ 12 گز کی دوری سے بار کے اوپر چلا گیا، اور یونائیٹڈ کو جیت کے بجائےبرابری پر اکتفا کرنا پڑا۔
یونائیٹڈ نے اس ڈرا کے ساتھ اپنی کارکردگی میں بہتری کی جھلک دی، لیکن ابھی بھی انہیں پریمیئر لیگ میں اپنے مقام کو بہتر بنانے کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔ دوسری جانب، لیورپول کی برتری برقرار رہی لیکن یہ ڈرا ان کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوا۔