پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کردی

0
84

پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کردی

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی سے متعلق وفاقی حکومت کے اعلان کردہ فیصلے کی مخالفت کردی۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق سینئر رہنماوں نے اپنی قیادت کو کھل کر حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ وہ حکومت کے فیصلے کی حمایت نہیں کرتے۔

پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کی جانب سے اس حوالے سے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بیان پر تعجب کا اظہار کیا اور کہ جماعت کو معاملے پر اعتماد میں لینے کے حوالے سے انہیں علم نہیں ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا سیاسی جماعتوں کا راستہ پابندیوں اور رکاوٹوں سے بند نہیں کیا جاسکتا، تحریک انصاف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن حکومت کا یہ اقدام بیوقوفی ہوگی۔

ترجمان اے این پی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا پابندی کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے، تجربات بندہونے پرہی معاملات سدھرسکیں گے۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آئین پاکستان کے تحت آرٹیکل 17 ہے جو سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کے حوالے سے حکومت کو اختیار دیتا ہے، یہ معاملہ سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا، تمام موجودہ ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے قابل اعتماد شواہد موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے۔