اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نئے سال کے آغاز پر قومی ایئرلائن نے بیرون ملک اور اندرون ملک فضائی آپریشنز میں بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کویت، بحرین، دوحہ کے علاوہ دمام اور جدہ کے لیے نئی بین الاقوامی پروازیں شروع کردی گئی ہیں۔
ترجمان کےمطابق اندرون ملک پروازوں میں کراچی اور پشاور کے درمیان ہفتہ وار اضافی پروازوں کے ساتھ ملکی نیٹ ورک کو وسعت دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کی کراچی سے پشاور کے لیے تیسری ہفتہ وار پرواز 25 جنوری سے شیڈول کا حصہ بنے گی جب کہ قومی ایئرلائن نے لاہور سے کویت کے لیے بھی ہفتہ وار دو طرفہ پروازیں 25 جنوری سے بحال کر دی ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور سے دمام کے لیے نئی ہفتہ وار 2 پروازیں 22 جنوری سے اڑان بھریں گی۔ قومی ایئرلائن کی سیالکوٹ سے بحرین کے لیے ہفتہ وار پرواز 20 جنوری سے جبکہ سیالکوٹ سے دوحہ کے لیے نئی دو طرفہ ہفتہ وار پرواز کا 21 جنوری سے آغاز ہوگا۔
پی آئی اے کے مطابق فضائی آپریشن میں اضافی پروازیں سیالکوٹ سے جدہ کے لیے 20 جنوری سے چلائی جائیں گی۔