اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوان اذان علی نے تاریخ رقم کردی، اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ کے ناقابلِ شکست کھلاڑی بن گئے۔
پاکستان جونیئر انڈر 17 کیٹیگری اسکواش چیمپین اذان علی خان ایڈنبرگ میں جاری اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ 2024 کے چیمپئن بن گئے۔
اذان علی خان نے اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی لینڈرو واگل کو شکست دے دی اور یہ جیت پاکستان میں اسکولوں سے باہر بچوں کے نام کر دی۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کھلاڑی ، کوچ، ٹیم منیجر اور قوم کو اس جیت پر مبارکباد دی، ایونٹ میں 22 ممالک سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ایونٹ میں حصہ لینے والوں میں کینیڈا، برطانیہ، اٹلی، مصر، امریکا وغیرہ کے کھلاڑی شامل تھے، اذان علی خان اگلے مرحلے میں برٹش اوپن ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
برٹش اوپن ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2 جنوری سے 6 جنوری تک برمنگھم میں منعقد ہوگی، پاکستان کی معروف فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کھلاڑی کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔