شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کےساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹننٹ کرنل سمیت 5 سپاہی شہید،6 خوارج ہلاک
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے جبکہ 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلاقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔
مزید کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے، مزید کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔