
این ڈی ایم اے کی مختلف علاقوں میں اسموگ الرٹ جاری، گاڑی چلانے والوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں اسموگ کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کو سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، اسموگ میں اضافے سے کئی شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں اسموگ کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے مختلف علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بالائی علاقوں میں بھی دھند میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔ 20 دسمبر تک رات اور علی الصبح کے اوقات میں حدِ نگاہ کم رہے گی۔
کم حدِ نگاہ کے باعث ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے گاڑی چلانے والوں پر زور دیا ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات اپنائیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی دھند کے اثرات کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔




