مشتاق احمد بنگلہ دیش کے ساتھ مختصر مدت کے بعد انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم میں شامل
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر مشتاق احمد نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے معاہدہ کرکے انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کو جوائن کرلیا۔
مشتاق، جنہوں نے انگلینڈ (2008-2014)، ویسٹ انڈیز (2018-19) اور پاکستان (2020-22) کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کا کردار ادا کیا ہے، وہ پاکستانی ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ (2014-16) کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
ان کا سب سے حالیہ دور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ تھا جہاں انہوں نے بطور اسپن بولنگ کوچ خدمات انجام دیں۔
مشتاق اپنے ساتھ انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم میں کافی تجربہ لے کر آئیں گے اور انگلش نوجوان اسپنرز لیجنڈ سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔
اپنے قلیل مدت معاہدے کے تحت، مشتاق اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے بے تاب ہیں اور اپنے دور کے دوران نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دے کر اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
مشتاق پہلے ای سی بی کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کے انتظامات سے مطمئن ہیں انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ اس دوران کسی اور کرکٹ بورڈ نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم سری لنکا انڈر 19 کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جو 8 جولائی سے شروع ہونے والی ہے۔
مشتاق نے 52 ٹیسٹ میں 32.97 کی اوسط سے 185 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 144 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی جانب سے 161 وکٹیں بھی حاصل کیں۔