ایم کیو ایم کا صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینےکا اعلان
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار سمیت دیگر سے ملاقات کی.
اتحادی جماعتوں کے وفد نے ایم کیو ایم سے صدر مملکت کے لیے آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کی درخواست کی اور انہیں ساتھ مل کر چلنے کی یقین دہانی کرائی.
ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان نے صدارتی انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف زرداری کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ووٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آصف زرداری کا نام سب سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان نے ہی صدر مملکت کے عہدے کے لیے تجویز کیا تھا اور ہم صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت کرتے ہوئے ان کو ووٹ دیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر منتخب کروائیں گے اور مل کر کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو حکومت بننے جا رہی ہے اس کی سب سے زیادہ توجہ کراچی پر ہوگی،ہم وفاقی،صوبائی اور بلدیاتی سطح پر کراچی کی آواز بنیں گے۔