اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی ملک مونٹی نیگرو کے ریسٹورنٹ میں مہمانوں کے درمیان بحث چھڑنے کے بعد مسلح شخص نے 2 بچوں سمیت 12 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
بی بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مونٹی نیگرو کے حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ روز نئے سال کے پہلے دن سیتینجے کے علاقے میں پیش آیا، جب ایک ریسٹورنٹ کے اندر مہمانوں کے درمیان زبانی بحث کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔
بعد میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ حملہ آور نے خود کو بھی ہلاک کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق حملہ شروع ہونے سے قبل مشتبہ شخص شراب پی رہا تھا۔
مونٹی نیگرو کی حکومت نے جمعرات سے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور وزیر اعظم میلوجکو اسپاجک نے کہا ہے کہ فائرنگ نے ہمارے ملک کو ’سیاہ رنگ‘ میں ڈھانپ دیا ہے۔
وزیراعظم مونٹی نیگرو کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد قومی سلامتی کونسل بشمول ہتھیار رکھنے پر مکمل پابندی سمیت تمام آپشنز پر غور کرے گی۔