Internal differences intensified, selection committee member Aleem Dar resigns-PCB
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق ٹیسٹ امپائر علیم ڈار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علیم ڈار نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا، تاہم قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر دلبرداشتہ تھے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کوچ مائیک ہیسن کے بڑھتے ہوئے اختیارات، سلیکشن معاملات میں اپنی بے بسی اور کمیٹی اراکین کی خاموشی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید اور مصباح الحق کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ علیم ڈار مبینہ طور پر ورلڈ کپ اسکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان اور عثمان خان کی شمولیت کے مخالف تھے۔
ذرائع کے مطابق علیم ڈار نے وکٹ کیپر محمد رضوان کو نمبر چھ پر کھلانے کی تجویز بھی دی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں مواقع فراہم کیے جائیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ذرائع کے مطابق ہر کھلاڑی پر 50، 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر زیادہ جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو جرمانے سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔





