
بینک فراڈ،منی لانڈرنگ،بھارت نے انیل امبانی کی جائیدادیں منجمد کر دیں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے اعلیٰ مالیاتی جرائم کے ادارے نے کہا ہے کہ اس نے بینک فراڈ کی تحقیقات کے سلسلے میں ان کمپنیوں کی 846 ملین ڈالر (تقریباً 75 ارب روپے) سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں جو بحران کا شکار صنعت کار انیل امبانی سے منسلک ہیں۔
انل امبانی جو ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بھائی ہیں، بجلی سے لے کر دفاعی صنعت تک کے کاروبار رکھتے ہیں، مگر گزشتہ دو دہائیوں میں ان کی دولت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حالیہ مہینوں میں ان کے کاروباری معاملات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں تفتیش کار مبینہ بینک قرضوں کے غلط استعمال اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
پیر کی شام، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کہا کہ اس نے 75 ارب روپے سے زیادہ مالیت کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں جن میں دفتر کی عمارتیں، رہائشی یونٹس اور 132 ایکڑ (53 ہیکٹر) سے زائد اراضی شامل ہے۔ ادارے نے بتایا کہ اس نے “ریلائنس انل امبانی گروپ کی مختلف کمپنیوں کی جانب سے عوامی پیسے کی دھوکہ دہی سے منتقلی” کا انکشاف کیا ہے اور یہ کہ وہ ان مجرمانہ رقوم کو “ان کے جائز حق داروں کو واپس دلانے کے لیے پرعزم ہے۔





