اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مطابق انہوں نے عمران خان سے کہا کہ انہیں اور تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں۔
سینیئر صحافی انصار عباسی کو دیے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں پیر کے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مشورہ دیا ہے کہ وہ فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے معاملے میں درجہ حرارت میں کمی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اور اس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاست میں تحریک انصاف کو جائز اسپیس مل سکے۔
فواد چوہدری کے مطابق انہوں نے ملاقات میں عمران خان کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا بیرون ملک ’ایکس اکاؤنٹ‘ کا کنٹرول پاکستان واپس لائیں۔
فواد چوہدری نے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کئی سینیئر رہنما بھی یہی چاہتے ہیں کہ عمران خان کا جارحانہ انداز سے استعمال ہونے والا ایکس اکاؤنٹ کنٹرول میں رکھا جائے کیونکہ اس اکاؤنٹ اور پارٹی کے سوشل میڈیا کو فوج مخالف مہمات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی کم ہمتی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما پارٹی کے سوشل میڈیا پر ممکنہ ردعمل کے خوف سے عوام میں اپنی رائے کا اظہار نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹی رہنماؤں میں اتنی بھی جرأت نہیں کہ وہ عمران خان کو بااصرار فوج اور اس کی اعلیٰ کمان پر حملے بند کرانےکا کہہ سکیں۔
سابق وفاقی وزیر اس حوالے سے پُراعتماد تھے کہ بانی پی ٹی آئی ان کے مشورے کا مثبت جواب دیں گے۔ ان کے مطابق عمران خان اور پی ٹی آئی کو معمول کی سیاست میں واپس لانے کے لیے یہ کرنا پڑے گا۔
فواد چوہدری نے انٹرویو میں کہا کہ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو دوبارہ عمران خان سے ملاقات کریں گے، اور انہیں اس سلسلے میں قائل کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کے مطابق پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کے دشمنوں اور ان کے سوشل میڈیا پر فوج مخالف پروپیگنڈے سے دور رہے۔
واضح رہے کہ دو دسمبر کو یعنی عمران خان کے ساتھ اپنی ملاقات سے تقریباً دو ہفتے قبل فواد چوہدری نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ فوج پر تنقید کے بیانیے سے دوری اختیار کریں۔