گوگل کا بھارت میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان،امریکہ کے بعد دنیا کا بڑا “اے آئی” مرکز قائم ہوگا

گوگل کا بھارت میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان،امریکہ کے بعد دنیا کا بڑا “اے آئی” مرکز قائم ہوگا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) منگل کے روز گوگل نے اعلان کیا کہ وہ اگلے پانچ سالوں میں بھارت میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور ملک کے جنوبی حصے میں ایک عظیم ڈیٹا سینٹر اور مصنوعی ذہانت (AI) کا اڈہ قائم کرے گا۔
گوگل کلاؤڈ کے سی ای او تھامس کوریان نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران کہا یہ امریکہ کے باہر وہ سب سے بڑا AI مرکز ہے جس میں ہم سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
کوریان نے کہا کہ گوگل پانچ سالوں کے دوران 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور آندھرا پردیش کے شہر وشاکھا پٹنم میں ایک گیگا واٹ سکیل AI ہب تعمیر کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوگل کا منصوبہ ہے کہ یہ مرکز مستقبل میں “متعدد گیگا واٹس تک وسعت حاصل کرے گا۔
بھارت میں AI ٹولز اور حل کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،ملک میں اس سال کے آخر تک 900 ملین (90 کروڑ) سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین ہونے کا امکان ہے جو کاروباری اداروں اور عام افراد میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کا نتیجہ ہے۔
بھارت کے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اشونی ویشنو نے گوگل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ہمارے India AI وژن کے اہداف حاصل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
ریاست کے وزیر برائے ٹیکنالوجی نارا لوکیش نے اس معاہدے کو گیم چینجنگ سرمایہ کاری کہا جو ایک سال کی سخت مذاکرات اور مستقل کوششوں” کے بعد ممکن ہوئی۔آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے اسے “بہت خوشی کا دن” قرار دیا۔
یہ ہماری ریاست کے ڈیجیٹل مستقبل، جدت اور عالمی ساکھ کے لیے ایک بہت بڑی چھلانگ ہے۔ یہ تو صرف آغاز ہے۔انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا اسی ماہ، امریکی اسٹارٹ اپ Anthropic نے بھی اعلان کیا کہ وہ اگلے سال بھارت میں اپنا دفتر کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ کمپنی کے سی ای او داریو امودی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کی۔
مودی نے ایکس پر کہا ہے کہ بھارت کا متحرک ٹیکنالوجی ماحولیاتی نظام اور باصلاحیت نوجوان AI میں جدت کے محرک ہیں۔ ہم ترقی کے لیے AI سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
Anthropic کا یہ قدم ان کئی بڑی AI کمپنیوں کی حالیہ سرگرمیوں کا تسلسل ہے جو بھارتی صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کمپنی کے سربراہ سام آلٹ مین کے مطابق، گزشتہ سال کے دوران ملک میں ChatGPT کے استعمال میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔OpenAI نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال بھارت میں اپنا دفتر کھولے گا۔
اسی طرح Perplexity AI نے جولائی میں بھارتی ٹیلی کام کمپنی ایئرٹیل کے ساتھ ایک بڑی شراکت کا اعلان کیا جس کے تحت ایئرٹیل کے 36 کروڑ صارفین کو ایک سال کے لیے Perplexity Pro کی مفت سبسکرپشن فراہم کی جائے گی۔