
ڈیرہ اسمٰعیل خان : سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 27 دہشت گردہلاک
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 11، 12 دسمبر کی درمیانی شب درازندہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، اور 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق کولاچی کے علاقے میں ایک اور انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ باردود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 12 دسمبر کی علی الصبح 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا، ان کی جانب سے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی۔
مزید بتایا کہ جس کے بعد خودکش حملہ کیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں عمارت تباہ ہو گئی اور 23 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔