
جمہوریہ چیک: ٹرین حادثے میں 4 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دارالحکومت” پراگ” سے تقریباً 100 کلومیٹر مشرق میں چیک شہر پرڈوبیس میں مسافر ٹرین کے مال گاڑی سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 2 درجن سے زائد لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ تصادم بدھ کو رات 11 بجے کے بعد ہوا، جب ٹرین 300 سے زیادہ مسافروں کے ساتھ یوکرین کی طرف مشرق کی جانب جا رہی تھی۔
مقامی ایمرجنسی سروسز کی ترجمان الینا کسیالا نے براڈکاسٹر چیک ٹی وی کو مرنے والے افراد کے متعلق تصدیق کردی.
ٹرین” پراگ” سے سلوواکیہ کی سرحد کے قریب مغربی یوکرین کے قصبے چوپ کی طرف جا رہی تھی جس میں سوار بہت سے غیر ملکی بھی تھے۔ زخمی ہونے والے 24 افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
چیک ریپبلک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اس حادثے کو “عظیم آفت” قرار دیتے ہوئےتعزیت کی۔
انہوں نے لکھا کہ ہم سب متاثرین اور زخمیوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
حادثے کی جگہ پر درجنوں پولیس، فائر اور ایمرجنسی سروس کے یونٹ بھیجے گئے جنہوں نے مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے میں مدد کی۔
نیوز ویب سائٹ idnes.cz پر شیئر کی گئی فوٹیج میں ریل گاڑی کو پٹری سے اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ دیگر تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرین کا اگلا حصہ کچل دیا گیا تھا۔
چیک ٹیلی ویژن نے فائر بریگیڈ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ مال ٹرین صنعتی کیمیکل کیلشیم کاربائیڈ لے کر جا رہی تھی.