اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔
چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔