اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک کے دو چیک باؤنس ہونے پر شکیب کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
ڈھاکہ کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ضیاء الدین رحمن نے یہ وارنٹ اتوار کو جاری کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شکیب نے 2016 میں بنگلہ دیش کے شہر ستکھیرا میں جھینگا فارم قائم کیا تھا، جو 2021 سے غیر فعال ہے مذکورہ چیک شکیب کی کمپنی کی جانب سے بینک سے لیے گئے قرض کی ادائیگی کے لیے تھے، لیکن ناکافی فنڈز کی وجہ سے چیک باؤنس ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 میں بنگلہ دیشی بینک نے چیک باؤنس ہونے کے معاملے پر قانونی نوٹس جاری کیا اور بعد ازاں 24 دسمبر کو شکیب اور ان کی کمپنی کے تین دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن سیاسی بدامنی اور عوامی لیگ سے وابستگی کے باعث جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد بنگلہ دیش سے باہر ہیں۔
وہ گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ایک نوجوان کے قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔
دوسری جانب شکیب الحسن کو مشکوک بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد باؤلنگ پر پابندی کا سامنا ہے جب کہ انہیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔