
After tussle with Trump, Colombian leader asks compatriots in US to come back home Photo-Reuters
کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے تارکین وطن سے درخواست کی ہے کہ وہ فوراً امریکہ سے واپس آئیں اور کولمبیا میں کاروبار شروع کریں۔ پیٹرو نے غیر قانونی کولمبیائی تارکین وطن سے کہا کہ وہ فوری طور پر امریکہ میں اپنی ملازمتیں چھوڑ کر کولمبیا واپس جائیں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ کولمبیا حکومت ایسے افراد کو قرضے فراہم کرے گی جو اپنے وطن واپس آ کر کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے قرضوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، لیکن عام طور پر یہ قرضے پیداواری سرگرمیوں میں مدد کے لیے دیے جاتے ہیں، جن کا مقصد غربت میں کمی لانا ہوتا ہے۔
صدر گسٹاو پیٹرو کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب کولمبیا نے امریکی فوجی طیاروں کے ذریعے واپس آنے والے تارکین وطن کو قبول کرنے سے انکار کیا تھا، جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی۔ جس کے بعد کو صدر پیٹرو نے اپنی پوزیشن تبدیل کی اور کہا کہ اب کولمبیا واپس آنے والے تارکین وطن کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
امریکہ میں تقریباً 200,000 غیر قانونی کولمبیئن باشندے مقیم ہیں، اور کولمبیا کی آبادی تقریباً 53 ملین ہے۔ صدر پیٹرو کے اس اعلان کے بعد ملا جلا عوامی ردعمل سامنے آیا ہے، کچھ لوگ ان کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد نے اس تجویز پر تنقید کی ہے۔ ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ پہلے ان نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں جو کولمبیا مقیم ہیں۔