پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کی دستاویز پر دستخط ہوگئے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کی دستاویز پر دستخط ہوگئے۔
خبر رساں ادارے “اے پی پی” کے مطابق پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان اقتصادی اصلاحات پر اعلیٰ سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے ورلڈ بینک کے جنوبی ایشیا کے علاقائی نائب صدر مارٹن رائزر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی اقتصادی ترقی سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احد خان چیمہ نے نائب صدر مارٹن رائزر کا خیرمقدم کیا اور ورلڈ بینک گروپ کی جانب سے پاکستان کے لیے جاری حمایت اور مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔
اس دوران پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کی حمایت اور تعاون پر اظہار تشکر کیا، ورلڈ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان کے اقتصادی بحالی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اور ورلڈ بینک کے نائب صدر کے درمیان کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تبادلہ کیا گیا، نئے پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت سالانہ جائزے اور اقتصادی اصلاحات کے منصوبوں پر کام ہو گا۔
انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بڑے شعبوں میں کلیدی اصلاحات کے نفاذ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور ورلڈ بینک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اہم ترقیاتی ترجیحات کا تعین جبکہ اقتصادی اصلاحات۔ توانائی۔ اور زرعی مواقع کو بڑھانے کیلیے منصوبے شامل ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ورلڈ بینک نے پاکستان میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے، انسانی وسائل اور زراعت پر مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا۔