
جامع مسجد نورانی و جامعہ تدریس القرآن مظہر الاسلام میں تکمیل قرآن پر محفل کا انعقاد
اسلام آباد: جامع مسجد نورانی و جامعہ تدریس القرآن مظہر الاسلام جی ایٹ اسلام آباد میں نماز تراویح کے دوران دوسری مرتبہ قرآن کی تکمیل کے موقع پر محفل پاک منعقد کی گئی.
مولانا حافظ مفتی محمد اقبال قادری ہزاروی کے زیرانتظام محفل میں مہمانان خصوصی سید محمود، بیگم تسنیم محمود اور سید حسان تھے، اس پُرنور محفل پاک میں علمائے کرام کے علاوہ مختلف علاقوں سے نامور نعت خوان شریک ہوئے.
محفل پاک میں ننھے حفاظ کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کیا، تلاوت کلام پاک کے بعد آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے تو شرکاء عشق رسول میں جھوم اُٹھے اور محفل پاک کا ماحول رَنگ و نُور کی برسات میں ڈھل گیا.
اس موقع پر علمائے دین نے ماہ رمضان کے تیسرے عشرے کی فصیلت، طاق راتوں میں عبادت کے اجر و ثواب سمیت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی، اس موقع پر چھاؤں ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام سید محمود اور چیئرپرسن بیگم تسنیم محمود نے بچوں کو قرآن حفظ کرنے پر مبارکباد دی اور ٹرسٹ کی جانب سے ان میں عید کے لئے خصوصی تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
ٹرسٹ کی جانب سے مسجد کے مہتمم، مدرسہ کے استاد، نعت خوان حضرات سمیت متعدد منتظمین کو بھی خصوصی تحائف سے نوازا گیا، سید محمود اور بیگم تسنیم محمود کا کہنا ہے کہ جو بچے قرآن کو حفظ کرتے ہیں نہ صرف وہ اپنے دلوں کو کلام الہیٰ کی روشنی سے منور کر لیتے ہیں بلکہ ان کے والدین بھی بہت عظیم ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو دین اسلام کی تعلیم کے لئے وقف کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جامع مسجد نورانی و جامعہ تدریس القرآن مظہر الاسلام کے لئے جو کچھ کر رہے ہیں وہ سب اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہے، آئندہ بھی وہ اللہ کے راستے میں زیادہ سے زیادہ خرچ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔