چینلز پر انتخابی سروے کرنے کی پابندی: الیکشن کمیشن کا اقدام عدالت میں چیلنج
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹیلی ویژن چینلز پر الیکشن سروے کرنے کی پابندی کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ میاں داؤد کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں پاکستان الیکٹرانک ایند ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجٹل میڈیا پر پابندی لگائی ہے، الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کا کلاز 12 آئین پاکستان کے متصادم ہے، ایسا کر کے الیکشن کمشن نے آئین کے آرٹیکل 4 ،19 اور 19 اے کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس میں مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن کا اقدام بنیادی انسانی حقوق اور معلومات تک رسائی کے اقدام کے خلاف ہے، استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔