
ایران میں میچ کھیلنے سے انکار پر بھارت کے موہن باغان پر ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی پابندی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے “الجزیرہ “ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ستمبر میں ایران جا کر ایشین چیمپئنز لیگ ٹو کا میچ کھیلنے سے انکار کرنے پر بھارت کے فٹبال کلب موہن باغان سپر جائنٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اے ایف سی کے مطابق بدھ کو ہونے والے فیصلے میں اس کے ڈسپلنری اور ایتھکس کمیٹی نے موہن باغان کو اُس اگلے ایشیائی ٹورنامنٹ سے خارج کر دیا ہے جس کے لیے وہ کوالیفائی کریں گے اور یہ پابندی 2027-28 کے سیزن تک نافذ رہے گی۔
اس کے علاوہ بھارتی چیمپئن کلب پر 50 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ اے ایف سی اور ایرانی کلب سپاہان ایس سی کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کے طور پر 50 ہزار 729 ڈالر مزید ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ موہن باغان کو براعظمی دوسرے درجے کے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ملنے والی کسی بھی سبسڈی سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔
موہن باغان نے گروپ اسٹیج میں سپاہان کے خلاف میچ کے لیے ایران جانے سے انکار کیا تھا۔ کلب نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران میں سیکیورٹی کی مناسب یقین دہانیاں اور میڈیکل انشورنس کوریج دستیاب نہیں تھیں۔ اس انکار کے بعد اے ایف سی نے کلب کو ٹورنامنٹ سے دستبردار قرار دیتے ہوئے اس کے تمام میچز کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
کلب نے کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (سی اے ایس) سے رجوع کرتے ہوئے میچ کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم سی اے ایس نے ابتدائی درخواست مسترد کر دی۔
موہن باغان کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس خطرے کو قبول نہیں کر سکتے، جہاں ان کی جانیں اور ان کے خاندانوں کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
عہدیدار کے مطابق موہن باغان کے اسکواڈ میں آسٹریلیا، اسپین اور برطانیہ کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں، اور ان ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ موہن باغان گزشتہ سال بھی ایران نہیں گئے تھے، جب انہیں 2 اکتوبر 2024 کو ٹریکٹر ایس سی کے خلاف میچ کھیلنا تھا۔ یہ میچ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف بیلسٹک میزائل داغے جانے کے ایک دن بعد شیڈول تھا۔ اس موقع پر بھی کلب کو ٹورنامنٹ سے دستبردار کر دیا گیا تھا۔



