
اسلام آباد: نمل یونیورسٹی میں گیس لیکج سے دھماکا، 4 افراد زخمی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کے مطابق اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کے احاطے میں منگل کے روز مبینہ طور پر گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان جواد تقی نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔انہوں نے کہا، “چار افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ِ ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ نے آگ پرقابو پالیا ہے۔ِ
یونیورسٹی سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں گھبرائے ہوئے طلبہ کو کیمپس خالی کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکار احاطے میں موجود ایک کمرے میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کو ایک زخمی شخص کی مدد کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
دو ہزار دو میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن لینگوئجز کو اپ گریڈ کرکے یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تھا۔ یہ ادارہ انڈرگریجویٹ سے لے کر پی ایچ ڈی تک متعدد کورسز کی پیشکش کرتا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق یہ ایک زیرِ تکمیل خبر ہے اور صورتحال بدلنے کے ساتھ ساتھ اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ ابتدائی میڈیا رپورٹس کبھی کبھار غلط بھی ہوسکتی ہیں۔ ہم متعلقہ حکام اور اپنے نمائندوں جیسے مستند ذرائع سے معلومات لے کر درست اور بروقت خبریں دینے کی کوشش جاری رکھیں گے۔



