Babar Azam equals Saeed Anwar's record-AFP
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے نہ صرف سیریز میں پاکستان کو مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ کئی اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے۔
31 سالہ اسٹار بیٹر نے یہ اننگز کھیل کر سعید انور کی 20 ون ڈے سنچریوں کے قومی ریکارڈ کی برابری کردی۔
بابر اعظم. نے 10 سالہ ون ڈے کیریئر میں 138 میچز کی 135 اننگز میں 20 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں بنائیں، جبکہ سعید انور نے 14 سال میں 247 میچز میں یہی تعداد حاصل کی تھی بابر، نے 807 دن کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں سنچری اسکور کی ہے۔
اس میچ میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف مجموعی رنز میں عمران خان کا 636 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور اب 12 میچز میں 666 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
بابر اعظم سری لنکا کے خلاف 4 سنچریوں کے ساتھ انضمام الحق اور محمد حفیظ کے ریکارڈ کی برابری کرچکے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ 7 سنچریاں سعید انور کے پاس ہیں۔
بابر اعظم ہوم گراؤنڈ پر 5 ہزار رنز مکمل کرنے سے صرف 21 رنز دور ہیں، جس کے بعد وہ جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹر بن جائیں گے۔
تیز ترین 20 ون ڈے سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں بھی انہوں نے جگہ بنالی ہے۔ ہاشم آملہ نے یہ کارنامہ 108 اننگز، ویرات کوہلی نے 133 اننگز جبکہ بابر نے 135 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔



